جے ڈی وینس بھی پاکستان جائیں گے، معاہدے پر ٹرمپ اور ایرانی صدر کے دستخط متوقع

وائٹ ہاؤس کے مطابق ایران سے مذاکرات کیلئے جے ڈی وینس، اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر پاکستان جائیں گے، کامیاب مذاکرات پر ٹرمپ اور ایرانی صدر دستخط کرسکتے ہیں۔
(واشنگٹن) وائٹ ہاؤس حکام کے مطابق ایران کے ساتھ مذاکرات کیلئے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس بھی پاکستان جائیں گے۔
وائٹ ہاؤس حکام کا کہنا ہے کہ جے ڈی وینس کے ہمراہ اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی مذاکرات کیلئے اسلام آباد پہنچیں گے اور ایران کے ساتھ مذاکرات میں شریک ہوں گے۔
اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ مشرق وسطیٰ کیلئے ان کے ایلچی اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر پیر کے روز اسلام آباد پہنچیں گے۔ واضح رہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کے پہلے دور میں بھی یہی شخصیات پاکستان آئی تھیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بھی عندیہ دیا تھا کہ وہ معاہدے پر دستخط کیلئے خود بھی پاکستان آ سکتے ہیں۔ پاکستان آمد کے حوالے سے سوال پر ٹرمپ نے کہا کہ ممکن ہے وہ بعد میں کسی اور تاریخ کو پاکستان جائیں، صورتحال دیکھنے کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب سی این این کے مطابق اگر مذاکرات کامیاب ہوئے تو ڈونلڈ ٹرمپ اور مسعود پزشکیان معاہدے پر دستخط کر سکتے ہیں۔
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 19 اپریل، 2026 کو 04:10 PM
آخری تدوین: 19 اپریل، 2026



