وائسز آف امریکا
تازہ خبریں
امریکا

ایران کے چند نکات قابل قبول، لبنان جنگ بندی میں شامل نہیں,ٹرمپ کا بڑا بیان

W
Web Desk
9 اپریل، 2026
 ایران کے چند نکات قابل قبول، لبنان جنگ بندی میں شامل نہیں,ٹرمپ کا بڑا بیان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ بند کمروں میں مذاکرات ہوں گے، لبنان جنگ بندی میں شامل نہیں، ایران سے براہ راست مذاکرات جلد متوقع۔

(واشنگٹن) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جاری کشیدگی اور جنگ بندی کے حوالے سے اہم بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے صرف چند نکات امریکا کے لیے قابل قبول ہیں اور انہی نکات پر بند کمروں میں بات چیت کی جائے گی۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم "سوشل ٹروتھ" پر جاری بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان معاہدوں، فہرستوں اور خطوط سے متعلق گردش کرنے والی اطلاعات بے بنیاد ہیں اور یہ سب ایسے افراد پھیلا رہے ہیں جن کا معاہدے سے کوئی تعلق نہیں۔

انہوں نے کہا کہ صرف چند بامعنی نکات ہیں جن پر امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی پر اتفاق ہوا ہے اور انہی نکات پر مزید مذاکرات بند کمروں میں کیے جائیں گے۔ ٹرمپ کے مطابق یہ نکات معقول نوعیت کے ہیں اور ان پر آسانی سے عملدرآمد ممکن ہے۔

امریکی صدر نے بعض میڈیا رپورٹس کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ غیر مستند ذرائع کے حوالے سے خبریں نشر کی جا رہی ہیں جن کے پاس کسی قسم کا اختیار نہیں۔

اپنے ایک اور بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا کہ امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والی جنگ بندی میں لبنان شامل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ لبنان کو حزب اللہ کی وجہ سے جنگ بندی میں شامل نہیں کیا گیا اور لبنان کا معاملہ الگ ہے۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ ایران کے ساتھ آمنے سامنے مذاکرات جلد شروع ہوں گے، امریکا ایران کے ساتھ قریبی طور پر کام کرے گا جبکہ محصولات اور پابندیوں کے معاملات پر بھی بات چیت جاری رہے گی۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق ایران میں یورینئم افزودگی نہیں ہوگی اور امریکا ایران کے ساتھ مل کر زمین میں دفن نیوکلیئر مواد کو ختم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام معاملات سیٹلائٹ کی سخت نگرانی میں ہیں اور 15 نکات میں سے کئی پر پہلے ہی اتفاق ہو چکا ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق امریکی صدر کے حالیہ بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات اہم مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں جبکہ خطے میں کشیدگی کم ہونے کی امید بھی پیدا ہو گئی ہے۔

شیئر کریں:
W

Web Desk

Media Channel

شائع ہوا: 9 اپریل، 2026 کو 07:09 AM

آخری تدوین: 9 اپریل، 2026

متعلقہ مضامین