امریکا ایران جنگ بندی سفارتکاری کی کامیابی ہے، پاکستان کا کلیدی کردار رہا

پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے امریکا ایران جنگ بندی کو سفارتکاری اور مکالمے کی فتح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی سفارتی کوششیں خطے میں امن کے قیام میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
(واشنگٹن ڈی سی) امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو دیے گئے انٹرویو میں سفیر نے بتایا کہ پاکستان کی سفارتی کوششیں گزشتہ ہفتوں سے جاری تھیں اور ان کا اختتام کامیاب جنگ بندی اور مذاکرات کے اعلان کے ساتھ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ یہ عمل پاکستان کی تاریخ میں مثبت سفارتکاری اور مکالمے کی نمایاں مثال ہے۔
رضوان سعید شیخ نے فریقین کی جانب سے پاکستان پر اعتماد کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سعودی عرب، ترکی، مصر، قطر، چین اور دیگر ممالک کی مشترکہ کوششوں سے جنگ بندی ممکن ہوئی اور مذاکرات کا راستہ کھلا۔
سفیر نے مزید کہا کہ چین نے ابتدا سے فریقین کو تحمل اور سفارتکاری کا راستہ اختیار کرنے پر زور دیا، جبکہ پاکستان کی اعلیٰ قیادت نے بھی براہِ راست کردار ادا کیا۔ مذاکراتی عمل کی کامیابی رازداری کا متقاضی ہے اور بغیر کسی دباؤ کے فیصلہ کن نتائج سامنے آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان محض ایک سہولت کار کے طور پر کام کر رہا ہے اور فیصلوں کا اختیار متعلقہ فریقین کے پاس ہے۔ خطے میں امن اور استحکام کا مثبت اثر نہ صرف خلیج بلکہ دنیا بھر کی سیاست اور معیشت پر پڑے گا۔
پاکستانی سفیر نے خلیجی ریاستوں میں 55 لاکھ کے لگ بھگ پاکستانیوں کے تحفظ اور تعاون کو بھی مذاکراتی عمل میں اہم قرار دیا، اور امید ظاہر کی کہ یہ عاجزانہ اور پرخلوص کوششیں نتیجہ خیز ثابت ہوں گی
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 9 اپریل، 2026 کو 07:58 AM
آخری تدوین: 9 اپریل، 2026



