پی ایس ایل 11: اسلام آباد یونائیٹڈ کی شاندار فتح، راولپنڈی کو 7 وکٹوں سے شکست

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے راولپنڈی کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے 157 رنز کا ہدف صرف 14.2 اوورز میں حاصل کرکے میچ یکطرفہ بنا دیا۔
(راولپنڈی) اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے سمیر منہاس نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 36 گیندوں پر 70 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں متعدد شاندار چوکے اور چھکے شامل تھے۔ حیدر علی نے 26 جبکہ مارک چیپ مین نے 24 رنز بنا کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
اس سے قبل راولپنڈی کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز اسکور کیے۔ کامران غلام 50 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ ڈی این فوریسٹر 44 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے فہیم اشرف، رچرڈ گلیسن اور سلمان ارشاد نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کپتان شاداب خان نے کہا کہ آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کی وجہ سے اسپنرز کو زیادہ مدد نہیں ملتی اور ایسی صورتحال میں ہدف کا تعاقب آسان ہو جاتا ہے۔ انہوں نے بارش کے بعد گراؤنڈ کو کھیل کے قابل بنانے پر گراؤنڈ اسٹاف کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں پی ایس ایل کے اصل ہیروز قرار دیا۔
شاداب خان نے مزید بتایا کہ سلمان مرزا اور اینڈریو گاؤس آج کے میچ میں شرکت نہیں کر سکے۔
دوسری جانب راولپنڈی کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ ٹیم اور شائقین کی توقعات ہمیشہ زیادہ ہوتی ہیں تاہم امید ہے کہ ٹیم جلد کامیابی کی راہ پر واپس آئے گی۔ انہوں نے بتایا کہ نسیم شاہ کی جگہ جلاد خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 4 اپریل، 2026 کو 06:49 PM
آخری تدوین: 4 اپریل، 2026



