پاکستان میں بجلی کی صورتحال بہتر، پیک اوقات میں لوڈشیڈنگ ختم، پاور ڈویژن کا دعویٰ

ترجمان پاور ڈویژن کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک میں 17 اپریل سے بجلی کی فراہمی میں نمایاں بہتری آئی ہے اور حالیہ دنوں میں پیک اوقات کے دوران لوڈشیڈنگ نہیں کی گئی
(اسلام آباد)ترجمان کے مطابق 17، 18 اور 19 اپریل کو رات کے پیک اوقات میں کسی قسم کی لوڈ مینجمنٹ نہیں کی گئی، جبکہ 20 اپریل کو بیشتر علاقوں میں صرف ایک گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی گئی۔ تاہم گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی اورسکھر الیکٹرک پاور کمپنی میں پیک اوقات کے دوران دو گھنٹے تک لوڈ مینجمنٹ کی گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ڈیموں سے پانی کے اخراج میں اضافے کے باعث رات کے اوقات میں تقریباً 5000 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے، جبکہ ملک کے جنوبی علاقوں سے اضافی 400 میگاواٹ بجلی گرڈ میں شامل ہونے سے نظام کے استحکام میں مدد ملی ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ اس وقت ایل این جی سے چلنے والے 5500 میگاواٹ کے پاور پلانٹس بند ہیں، اور جیسے ہی ایل این جی کی فراہمی بحال ہوگی، یہ پلانٹس دوبارہ بجلی پیدا کرنا شروع کر دیں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ بجلی چوری اور لائن لاسز کی بنیاد پر لوڈ مینجمنٹ بدستور جاری رہے گی، کیونکہ یہ پالیسی کا حصہ ہے اور اس کا پیک اوقات کی لوڈشیڈنگ سے براہ راست تعلق نہیں۔
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 22 اپریل، 2026 کو 07:06 AM
آخری تدوین: 22 اپریل، 2026



