پاکستان بہت جلد مذاکرات کے اگلے دور کی میزبانی کرے گا، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی امن کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان جلد مذاکرات کے اگلے دور کی میزبانی کی امید رکھتا ہے
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا اور امید ہے کہ بہت جلد مذاکرات کے اگلے دور کی میزبانی کرے گا۔
اتوار کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی امن کے لیے کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ صدر ٹرمپ کو ایران کے ساتھ ممکنہ معاہدے کی پیش رفت اور علاقائی رہنماؤں کے ساتھ مفید رابطوں پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
وزیراعظم کے مطابق صدر ٹرمپ نے سعودی عرب، قطر، ترکی، مصر، متحدہ عرب امارات، اردن اور پاکستان کی قیادت کے ساتھ ایک اہم اور نتیجہ خیز ٹیلیفونک گفتگو کی، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال اور پائیدار امن کے قیام کے لیے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شہباز شریف نے بتایا کہ اس ٹیلیفونک رابطے میں پاکستان کی نمائندگی سید عاصم منیر نے کی، جن کی کوششوں کو انہوں نے سراہتے ہوئے کہا کہ وہ پورے عمل کے دوران بھرپور سفارتی کردار ادا کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان خلوص نیت کے ساتھ امن کی کوششیں جاری رکھے گا اور خطے میں استحکام کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 24 مئی، 2026 کو 03:38 AM
آخری تدوین: 24 مئی، 2026



