وائسز آف امریکا
تازہ خبریں
امریکا

ایران امریکا مجوزہ معاہدے کی نئی تفصیلات سامنے آگئیں، تیل پابندیاں ختم کرنے اور جنگ بندی کی شرائط شامل

W
Web Desk
24 مئی، 2026
ایران امریکا مجوزہ معاہدے کی نئی تفصیلات سامنے آگئیں، تیل پابندیاں ختم کرنے اور جنگ بندی کی شرائط شامل

ایران اور امریکا کے درمیان مجوزہ معاہدے کی نئی تفصیلات منظر عام پر آگئیں۔ ایرانی میڈیا کے مطابق جوہری مذاکرات، آبنائے ہرمز، تیل پابندیوں کے خاتمے، منجمد اثاثوں کی بحالی اور اسرائیل لبنان جنگ بندی سے متعلق اہم نکات شامل ہیں

ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ معاہدے کی نئی تفصیلات سامنے آگئی ہیں، جن میں جوہری مذاکرات، آبنائے ہرمز کی صورتحال، تیل پابندیوں کے خاتمے اور خطے میں کشیدگی کم کرنے سے متعلق اہم نکات شامل ہیں۔

ایرانی نیوز ایجنسی تسنیم کے مطابق ایران نے تاحال اپنے جوہری پروگرام سے متعلق کسی بھی حتمی اقدام کو قبول نہیں کیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مجوزہ معاہدے کے تحت جوہری مذاکرات کے لیے 60 دن کی مدت مقرر کیے جانے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ آبنائے ہرمز سے متعلق اقدامات کے لیے 30 دن مختص کیے جائیں گے۔

رپورٹ کے مطابق ممکنہ مفاہمتی یادداشت میں یہ شرط بھی شامل ہے کہ اسرائیل کو لبنان میں جاری جنگ ختم کرنا ہوگی۔ اس کے بدلے میں واشنگٹن ایران کے تیل پر عائد پابندیوں کو ختم یا معطل کرے گا۔

ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ اگر معاہدہ طے پا جاتا ہے تو آبنائے ہرمز کی صورتحال جنگ سے پہلے والی حالت میں واپس نہیں آئے گی۔ معاہدے میں ایران کے منجمد اثاثوں کی پہلی قسط جاری کرنے کی شرط بھی شامل ہے، جبکہ دوسری قسط کی ادائیگی سے متعلق طریقہ کار مذاکرات کے دوران طے کیا جائے گا۔

رپورٹس کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان مجوزہ مفاہمتی مسودے میں ایک دوسرے پر دوبارہ حملہ نہ کرنے کی شق بھی شامل ہے۔ معاہدے کے تحت امریکا ایران پر حملہ نہیں کرے گا جبکہ ایران بھی امریکا اور اس کے اتحادیوں کو نشانہ نہیں بنائے گا۔

دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سپریم لیڈر کی اجازت کے بغیر کوئی فیصلہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران کی جانب سے ہونے والا ہر فیصلہ سپریم لیڈر کی منظوری اور ہم آہنگی سے ہوگا۔

شیئر کریں:
W

Web Desk

Media Channel

شائع ہوا: 24 مئی، 2026 کو 08:31 AM

آخری تدوین: 24 مئی، 2026

متعلقہ مضامین