عالمی رہنماؤں کا وزیراعظم شہباز شریف سے رابطہ، ایران امریکا مذاکرات پر مبارکباد

زیراعظم شہباز شریف سے امیر قطر، فرانس کے صدر، بحرین کے فرمانروا اور آسٹریا کے وفاقی چانسلر نے ٹیلی فونک رابطے کیے اور ایران و امریکا کو مذاکرات کی میز پر لانے کی سفارتی کوششوں پر مبارکباد دی۔
(اسلام آباد) تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو ہوئی، جس میں امیر قطر نے پاکستان کی کامیاب سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی اور مذاکرات خطے میں امن کیلئے مثبت پیش رفت ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے قطری قیادت کے صبر و تحمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور قطر ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
دوسری جانب فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے بھی وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور پاکستان کی سفارتی کاوشوں کی حمایت پر گفتگو کی۔ دونوں رہنماؤں نے لبنان کے خلاف جاری جارحیت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خطے میں فوری جنگ بندی اور امن کی ضرورت پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطے جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔
بحرین کے فرمانروا شاہ حمد بن عیسیٰ نے بھی وزیراعظم شہباز شریف سے گفتگو کرتے ہوئے ایران امریکا جنگ بندی کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ اس پیش رفت سے خطے میں دیرپا امن کے امکانات روشن ہوئے ہیں۔ وزیراعظم نے بحرینی قیادت کے صبر و تحمل کی تعریف کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔
آسٹریا کے وفاقی چانسلر کرسچن اسٹوکر نے بھی وزیراعظم شہباز شریف کو ٹیلی فون کیا اور قیام امن کیلئے پاکستان کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کاوشوں سے امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی ممکن ہوئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی رہنماؤں کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کیلئے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 9 اپریل، 2026 کو 05:32 PM
آخری تدوین: 9 اپریل، 2026



