فیلڈ مارشل سید عاصم منیر تہران روانہ ,ایران میں قیامِ امن کے لیے اہم سفارتی پیش رفت

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ایران کے سرکاری دورے پر روانہ ہوگئے ہیں جہاں وہ خطے کی سکیورٹی، قیامِ امن اور باہمی تعاون سمیت اہم امور پر ایرانی قیادت سے تبادلۂ خیال کریں گے
(راولپنڈی)سکیورٹی ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل اپنے دورے کے دوران ایران کی اعلیٰ سیاسی اور عسکری شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں خطے کی مجموعی صورتحال، سرحدی تعاون اور جاری سفارتی کوششوں پر گفتگو متوقع ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے اور مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے فعال سفارتی کردار ادا کر رہا ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی حالیہ دنوں میں دو مرتبہ ایران کا دورہ کرچکے ہیں، جہاں انہوں نے اپنے ایرانی ہم منصب اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی امن اور ایران سے متعلق جاری سفارتی رابطوں پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ادھر امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات میں مثبت پیش رفت کے آثار سامنے آرہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جنگ بندی کے ممکنہ مسودے پر بات چیت کے لیے پاکستان کا ایک وفد بھی ایران جا رہا ہے اور حالیہ مذاکرات سے حوصلہ افزا اشارے ملے ہیں۔
مارکو روبیو کے مطابق آنے والے چند روز خطے کی صورتحال کے حوالے سے نہایت اہم ثابت ہوسکتے ہیں، جبکہ پاکستان کی سفارتی کوششوں کو بھی عالمی سطح پر توجہ حاصل ہو رہی ہے۔
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 22 مئی، 2026 کو 02:04 PM
آخری تدوین: 22 مئی، 2026



