سٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف سے 1.3 ارب ڈالر موصول،

سٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کی جانب سے 1.3 ارب ڈالر موصول ہوگئے ہیں، جس سے پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر کو اہم سہارا حاصل ہوگا۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ رقم ای ایف ایف اور آر ایس ایف پروگرام کے تحت منتقل کی گئی۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے 8 مئی کو تیسرے جائزے کی منظوری دیتے ہوئے اس قسط کی ادائیگی کی منظوری دی تھی۔
آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کے لیے 760 ملین ایس ڈی آر کی منظوری دی، جبکہ آر ایس ایف پروگرام کے تحت 154 ملین ایس ڈی آر کی دوسری قسط بھی منظور کی گئی۔ اس طرح سٹیٹ بینک کو مجموعی طور پر 914 ملین ایس ڈی آر موصول ہوئے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق موصول ہونے والی رقم پاکستانی روپے میں نہیں بلکہ زرمبادلہ ذخائر میں شامل کی جائے گی۔ یہ رقم 15 مئی 2026 کو ختم ہونے والے ہفتے کے سرکاری زرمبادلہ ذخائر میں ظاہر ہوگی۔
ماہرین کے مطابق آئی ایم ایف سے ملنے والی یہ رقم نہ صرف زرمبادلہ ذخائر کو مستحکم کرے گی بلکہ عالمی مالیاتی اداروں اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بھی اضافہ کرے گی۔
واضح رہے کہ موجودہ پروگرام کے تحت پاکستان کو اب تک مجموعی طور پر 4.6 ارب ڈالر جاری کیے جا چکے ہیں۔ پاکستان نے ستمبر 2024 میں 37 ماہ کے لیے ای ایف ایف پروگرام حاصل کیا تھا، جس کا مقصد معیشت کو استحکام دینا اور مالیاتی اصلاحات کو آگے بڑھانا ہے۔
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 13 مئی، 2026 کو 05:15 AM
آخری تدوین: 13 مئی، 2026



