وائسز آف امریکا
تازہ خبریں
پاکستان

صدر شی جن پنگ کا پاکستان کے امن کردار کا اعتراف، سرد جنگ ذہنیت کی مشترکہ مخالفت پر زور

W
Web Desk
25 مئی، 2026
صدر شی جن پنگ کا پاکستان کے امن کردار کا اعتراف، سرد جنگ ذہنیت کی مشترکہ مخالفت پر زور

بیجنگ میں وزیراعظم شہباز شریف اور چینی صدر شی جن پنگ کی اہم ملاقات، چین نے مشرقِ وسطیٰ میں پاکستان کے امن کردار کو قابلِ تحسین قرار دے دیا۔ دونوں رہنماؤں نے سی پیک، سکیورٹی تعاون اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی

بیجنگ: وزیراعظم وزیراعظم شہباز شریف نے چین کے صدرشی جن پنگ سے اہم ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال، سکیورٹی تعاون اور مشرقِ وسطیٰ میں امن کے قیام کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

چینی میڈیا کے مطابق صدر شی جن پنگ نے مشرقِ وسطیٰ میں امن کے لیے پاکستان کے کردار کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان ناقابلِ شکست دوستی قائم ہے اور دونوں ممالک کو یکطرفہ پالیسیوں اور سرد جنگ کی سوچ کی مشترکہ مخالفت کرنی چاہیے۔

صدر شی جن پنگ نے وزیراعظم شہباز شریف کو “پرانا دوست” قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک اعتماد اور عملی تعاون نے دوطرفہ ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیرکو بھی چین آمد پر خوش آمدید کہا اور پاک چین دوستی کو نسل در نسل منتقل ہونے والا رشتہ قرار دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ملاقات میں کہا کہ پاکستان اور چین آہنی بھائی ہیں اور دونوں ممالک کے تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ انہوں نے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر دونوں ممالک کے عوام کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ سی پیک اور بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے ترقی، خوشحالی اور دوستی کی علامت ہیں۔

وزیراعظم نے صدر شی جن پنگ کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین آج عالمی سطح پر معاشی اور عسکری طاقت کے طور پر ابھر چکا ہے جبکہ عالمی امن اور ترقی میں بھی اس کا کردار انتہائی اہم ہے۔

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے بیجنگ میں عوامی ہیروز کی یادگار پر حاضری دی، پھول رکھے اور چین کے قومی ہیروز کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر پاکستانی وفد، وفاقی وزراء اور چینی حکام بھی موجود تھے۔

شیئر کریں:
W

Web Desk

Media Channel

شائع ہوا: 25 مئی، 2026 کو 06:10 PM

آخری تدوین: 25 مئی، 2026

متعلقہ مضامین