وزیراعظم شہباز شریف کی ژجیانگ میں وانگ ہاؤ سے اہم ملاقات، کئی معاہدوں پر دستخط

چین کے صوبے ژجیانگ میںوزیراعظم شہباز شریف نے ژجیانگ کے اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ تعاون، سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں شراکت داری بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ کئی اہم معاہدوں پر بھی دستخط کیے گئے
وزیراعظم نے ژجیانگ صوبے کی شاندار ترقیاتی منصوبہ بندی کو سراہتے ہوئےشی جن پنگ کی دور اندیش قیادت کی تعریف کی، جو انہوں نے CPC ژجیانگ صوبائی کمیٹی کے پارٹی سیکرٹری کی حیثیت سے انجام دی۔ شہباز شریف نے صدر شی جن پنگ کے پیش کردہ وژن ’’صاف پانی اور سرسبز پہاڑ انمول اثاثے ہیں‘‘ کو خصوصی طور پر خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ ژجیانگ کی ترقی اس بات کی زندہ مثال ہے کہ ماحولیاتی تحفظ، سبز ترقی اور اعلیٰ معیار کی معاشی نمو کو ایک دوسرے کے معاون انداز میں آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔

وزیراعظم کے مطابق پاکستان ژجیانگ صوبے کے ساتھ بالخصوص ڈیجیٹل معیشت، ای کامرس، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیلی کمیونیکیشن، زراعت، قابلِ تجدید توانائی، جدید صنعت کاری اور مہارتوں کی ترقی کے شعبوں میں تعاون کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ صوبائی سطح پر تعاون پاکستان اور چین کے تعلقات کا اہم ستون ہے اور یہ صنعتی تعاون، زرعی جدیدکاری، ٹیکنالوجی کے تبادلے اور برآمدات پر مبنی ترقی کے ذریعے سی پیک فیز ٹو کو مزید مضبوط بنا سکتا ہے۔
اس موقع پر دو اہم تعاوناتی دستاویزات پر دستخط بھی کیے گئے۔ پہلی مفاہمتی یادداشت ژجیانگ صوبے اور صوبہ پنجاب کے درمیان سسٹر-پروونس تعلقات کے قیام سے متعلق تھی، جس کا مقصد تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، تعلیم، ثقافت، سیاحت اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔
وزیراعظم نے ہانگژو نارمل یونیورسٹی اور بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانے کے درمیان چین-پاکستان مشترکہ ٹیکنالوجی ریسرچ سینٹر کے قیام سے متعلق دستاویز پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کی۔ یہ مرکز تعلیمی تعاون، عملی تحقیق، ٹیکنالوجی کے تبادلے اور دونوں ممالک کے اداروں کے درمیان روابط کو فروغ دے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منا رہے ہیں اور دونوں ممالک عوام دوست، ترقی پر مبنی اور عملی تعاون کے ایک نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں۔
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 23 مئی، 2026 کو 03:10 PM
آخری تدوین: 23 مئی، 2026



