ثاقب چدھڑ کا مؤقف سامنے آگیا، مومنہ اقبال پر بلیک میلنگ اور غلط بیانی کے الزامات

رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ سمیرا خان کا این سی سی آئی اے میں جمع کرایا گیا بیان سامنے آگیا۔ ثاقب چدھڑ نے مومنہ اقبال پر بلیک میلنگ، غلط بیانی اور مالی فوائد حاصل کرنے کے الزامات عائد کیے ہیں
رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ سمیرا خان کی جانب سے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی میں جمع کرایا گیا بیان سامنے آگیا ہے، جس میں اداکارہ مومنہ اقبال اور ان کی بہن کے حوالے سے مختلف دعوے کیے گئے ہیں۔
ثاقب چدھڑ نے اپنے بیان میں مؤقف اختیار کیا کہ ان کی مومنہ اقبال سے 2020 میں ملاقات ہوئی تھی، جس کے بعد دونوں کے درمیان قریبی تعلقات قائم ہوئے۔ ان کے مطابق مومنہ اقبال کے ساتھ اندرون اور بیرون ملک متعدد سفر کیے گئے جن کے تمام اخراجات انہوں نے خود برداشت کیے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ مومنہ اقبال اور ان کے اہل خانہ نے سابقہ شادی اور طلاق سے متعلق معلومات ان سے مخفی رکھیں، اور جب انہیں ان حقائق کا علم ہوا تو انہوں نے شادی سے انکار کر دیا۔ ثاقب چدھڑ کے مطابق اگست 2025 میں انہوں نے مومنہ اقبال سے تعلقات ختم کر لیے تھے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ مومنہ اقبال کی بہن رمشا اقبال نے مبینہ بلیک میلنگ کے ذریعے 10 ہزار آسٹریلین ڈالر وصول کیے، جبکہ ان کی یونیورسٹی فیس کی مد میں 13 ہزار آسٹریلین ڈالر بھی ادا کیے گئے۔ ثاقب چدھڑ نے دعویٰ کیا کہ مختلف اوقات میں مومنہ اقبال کے اکاؤنٹ میں مجموعی طور پر 83 لاکھ روپے بھی منتقل کیے گئے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ مومنہ اقبال کے موبائل فون میں متعدد تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں اور بعض مشکوک افراد نے ان تصاویر اور ویڈیوز کو وائرل کرنے کی دھمکیاں بھی دیں۔ ان کے مطابق انہوں نے مومنہ اقبال اور رمشا اقبال کو مواد شیئر کرنے سے روکنے کی درخواست کی تھی۔
ثاقب چدھڑ نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ مومنہ اقبال ان کی اہلیہ کو طلاق لینے پر اکساتی رہی ہیں، جبکہ اداکارہ کو ان کے شادی شدہ ہونے کا مکمل علم تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے کال ڈیٹا ریکارڈ بھی موجود ہے۔
انہوں نے مزید مؤقف اختیار کیا کہ مومنہ اقبال کی جانب سے این سی سی آئی اے اور پولیس کو دی گئی درخواست میں تضادات اور غلط بیانی پائی جاتی ہے۔ ثاقب چدھڑ کے مطابق مومنہ اقبال کے منگیتر حمزہ نے انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں، جس پر چنیوٹ میں مقدمہ درج کرایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ یہ تمام الزامات اور دعوے ثاقب چدھڑ کے بیان پر مبنی ہیں، جبکہ مومنہ اقبال یا دیگر متعلقہ فریقین کی جانب سے ان دعوؤں پر ردِعمل یا مؤقف سامنے آنا باقی ہے۔
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 6 جون، 2026 کو 02:19 PM
آخری تدوین: 6 جون، 2026



