وائسز آف امریکا
تازہ خبریں
امریکا

ایران-امریکہ معاہدہ آخری مراحل میں، دستخط رواں ہفتے یورپ میں متوقع: ٹرمپ

W
Web Desk
12 جون، 2026
ایران-امریکہ معاہدہ آخری مراحل میں، دستخط رواں ہفتے یورپ میں متوقع: ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان معاہدہ آخری مراحل میں ہے، سپریم لیڈر کی منظوری مل چکی ہے اور دستخط رواں ہفتے یورپ میں متوقع ہیں۔ پابندیاں ختم ہونے سے تیل کی قیمتوں میں کمی کا امکان

(واشنگٹن )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان مجوزہ معاہدے پر دستخط آئندہ چند دنوں میں، ممکنہ طور پر رواں ہفتے کے اختتام تک یورپ میں کسی مقام پر کیے جا سکتے ہیں۔

وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے بتایا کہ معاہدے سے متعلق دستاویزات کی تیاری آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے اور تمام فریقین اس عمل کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے سرگرم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ معاہدہ بہت جلد حتمی شکل اختیار کر لے گا اور ایران بھی اس پیشرفت کا اتنا ہی خواہاں ہے جتنا دیگر متعلقہ فریق۔

صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ان کے خیال میں ایران کے سپریم لیڈر نے بھی معاہدے کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد معاہدے کو عملی جامہ پہنانے کی راہ مزید ہموار ہو گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ خود دستخط کی تقریب میں شرکت نہیں کر سکیں گے، تاہم امریکہ کی نمائندگی نائب صدر جے ڈی وینس کریں گے۔

امریکی صدر کے مطابق جیسے ہی معاہدہ باضابطہ طور پر مکمل ہوگا، امریکہ فوری طور پر ایرانی بندرگاہوں پر عائد پابندیاں ختم کر دے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام کے نتیجے میں عالمی منڈی میں تیل کی سپلائی میں اضافہ ہوگا جس سے تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی آنے کا امکان ہے۔

ٹرمپ نے اس پیشرفت کو خطے اور عالمی معیشت کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ معاہدہ دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری اور اقتصادی استحکام کا باعث بنے گا۔

شیئر کریں:
W

Web Desk

Media Channel

شائع ہوا: 12 جون، 2026 کو 03:48 AM

آخری تدوین: 12 جون، 2026

متعلقہ مضامین