امریکی جنگ بندی عالمی استحکام کی جانب بامعنی قدم ہو، نواز شریف

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد نواز شریف نے ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے عالمی استحکام کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
(لاہور)سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری اپنے بیان میں میاں نواز شریف نے کہا کہ دعا ہے امریکی جنگ بندی عالمی استحکام کی جانب ایک بامعنی قدم ثابت ہو۔
نواز شریف نے وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایک بڑے عالمی بحران کو ٹالنے اور ایران امریکا جنگ بندی کو ممکن بنانے میں پاکستان نے اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں وزیراعظم شہباز شریف، اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی غیر معمولی سفارتی کوششوں کو دل کی گہرائیوں سے سراہتا ہوں، جن کی بدولت ایک بڑے عالمی تنازع کو ٹالا گیا۔

سابق وزیراعظم نے ایران اور امریکا کی قیادت کو بھی امن کا راستہ اختیار کرنے پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ امید ہے یہ پیش رفت عالمی سطح پر پائیدار امن اور استحکام کا باعث بنے گی۔
واضح رہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان کی ثالثی اور سفارتی کردار کو عالمی سطح پر مثبت پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جبکہ اس وقت عالمی برادری کی نظریں پاکستان کی سفارتی کوششوں پر مرکوز ہیں۔
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 8 اپریل، 2026 کو 02:05 PM
آخری تدوین: 8 اپریل، 2026



