امریکہ اب ایران کی فضاؤں پر مکمل کنٹرول رکھتا ہے، ایران کبھی ایٹمی ہتھیار نہیں بنا سکے گا

امریکا کے وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کو کھول دیا گیا ہے اور جلد ہی بحری آمدورفت بحال ہو جائے گی، جبکہ ایران کو مستقبل میں ایٹمی ہتھیار بنانے سے روک دیا گیا ہے۔
(واشنگٹن) پینٹاگون میں جنگ بندی کے اعلان کے بعد پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تاریخ رقم کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قاسم سلیمانی کے قتل سے لے کر ایران کے خلاف حالیہ کارروائیوں تک صدر ٹرمپ نے غیر معمولی کامیابیاں حاصل کیں۔
پیٹ ہیگسیتھ نے کہا کہ "آپریشن ایپک فیوری" میدان جنگ میں تاریخی کامیابی ثابت ہوا، جہاں 40 دن سے بھی کم وقت میں ایران کی بڑی عسکری صلاحیت کو ختم کر دیا گیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا نے اپنی طاقت کا صرف 10 فیصد استعمال کیا اور ایران کے میزائل پروگرام کو تباہ کر دیا گیا۔
امریکی وزیر جنگ کے مطابق منگل کی رات ایران پر 800 حملے کیے گئے جبکہ ایران کی دفاعی فیکٹریوں کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کا ایٹمی مواد زمین میں دفن ہے جس کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکا ایران کے آس پاس اپنی فوجی موجودگی برقرار رکھے گا تاکہ جنگ بندی معاہدے پر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔ پیٹ ہیگسیتھ کے مطابق معاہدے کا مطلب یہ ہے کہ ایران کبھی ایٹمی ہتھیار نہیں بنا سکے گا اور افزودہ یورینیم ایران یا تو امریکا کے حوالے کرے گا یا امریکا خود نکال لے گا۔
پیٹ ہیگسیتھ نے یہ بھی کہا کہ نئی ایرانی قیادت کے ساتھ امریکا کے رابطے مختلف نوعیت کے ہیں اور مستقبل میں معاہدے کے امکانات روشن ہیں۔
دوسری جانب امریکی جنرل ڈین کین نے کہا کہ "آپریشن ایپک فیوری" کے تین بنیادی مقاصد تھے جن میں ایران کے میزائل اور ڈرون پروگرام کو تباہ کرنا، ایرانی نیوی کو ختم کرنا اور دفاعی صنعت کو نقصان پہنچانا شامل تھا۔
جنرل ڈین کین کے مطابق 38 دن کی جنگ میں تمام عسکری اہداف حاصل کر لیے گئے، آپریشن کے دوران 13 ہزار حملے کیے گئے اور 1500 ایرانی دفاعی نظام کو نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایرانی نیوی کے 150 سے زائد جنگی بحری جہاز تباہ ہوئے جبکہ 90 فیصد دفاعی فیکٹریوں کو نشانہ بنایا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کی 80 فیصد جوہری تنصیبات کو بھی نقصان پہنچا ہے، تاہم جنگ بندی کے باوجود امریکی افواج دوبارہ لڑائی کے لیے تیار رہیں گی۔
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 8 اپریل، 2026 کو 12:58 PM
آخری تدوین: 8 اپریل، 2026



